اسرائیل نے فلسطینی وزیر امور بیت المقدس کو حراست میں لے لیا

 اسرائیلی حکام نے فلسطینی حکومت میں بیت المقدس کے امور کے وزیر فادی الہدمی کو گرفتار کر لیا۔اس سے قبل فادی کو رواں سال جولائی کے اواخر میں بھی بیت المقدس کے مشرقی حصے سے گرفتار کر کے چند گھنٹے حراست میں رکھا گیا تھا۔ اس دوران اسرائیلی پولیس نے ان سے بیت المقدس میں فلسطینی سیاسی سرگرمی کے حوالے سے پوچھ تاچھ کی تھی۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق قابض اسرائیلی حکام کی جانب سے وقتا فوقتا مقبوضہ بیت المقدس میں فلسطینی عہدیداران کو گرفتار کر لیا جاتا ہے۔ اسرائیلی حکام کا موقف ہے کہ فلسطینی اتھارٹی کے ضمن میں ان حکام کا کام کرنا بیت المقدس پر اسرائیلی سیادت کو ضرر پہنچاتا ہے۔بیت المقدس کے گورنر عدنان غیث کو بھی کئی بار گرفتار کیا جا چکا ہے۔ آخری مرتبہ ان کو رواں سال اپریل میں حراست میں لیا گیا تھا۔یاد رہے کہ فلسطینی اعداد وشمار کے مطابق اسرائیلی جیلوں میں 5700 کے قریب فلسطینی اسیران موجود ہیں جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں۔

About یاور عباس

یاور عباس
یاور عباس صحافت کا طالب علم ہے آپ وائس آف مسلم منجمنٹ کا حصہ ہیں آپ کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے اور جی بی کے مقامی اخبارات کے لئے کالم بھی لکھتے ہیں وہاں کے صورتحال پر گہری نظر رکھتے ہیں۔