دہشتگردانہ حملوں سے ایرانی قوم کے پختہ اور فولادی عزم پر کوئی اثر نہیں پڑیگا، سپریم لیڈر سید علی خامنہ ای

تہران ( نیوز ڈیسک ) رہبر معظم انقلاب اسلامی آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے طلباء و طالبات سے ملاقات میں ایرانی پارلیمنٹ اور حضرت امام خمینی (رہ) کے حرم مطہر پر دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم کے پختہ اور فولادی عزم پر دہشت گردوں کے اس قسم کے اقدامات سے کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی سے ایران کے علمی و تحقیقاتی اداروں اور یونیورسٹیوں کے طلباء نے تین گھنٹے تک ملاقات کی۔ اس ملاقات میں طلباء و طالبات نے ملک کے مختلف سیاسی، اقتصادی، ثقافتی اور سماجی شعبوں کے بارے میں اپنے اپنے نظریات اور خیالات پیش کئے۔ آیت اللہ العظمٰی سید علی خامنہ ای نے طلباء کے نظریات اور خیالات سننے کے بعد طلباء کو سامراجی نظام کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا سپاہی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سامراجی نظام کے خلاف جنگ میں  طلباء کا اہم کردار ہے اور طلباء علم و دانش کے ذریعہ دشمن کی تمام سازشوں کو ناکام بناسکتے ہیں، کیونکہ یونیورسٹی علم و دانش کا بنیادی رکن ہے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایرانی پارلیمنٹ اور حضرت امام خمینی (رہ) کے حرم مبارک پر دہشت گردوں کے بزدلانہ اور ناکام حملے کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں کے اس قسم کے دہشتگردانہ حملوں سے ایرانی قوم کے پختہ اور فولادی عزم پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ اس قسم کے واقعات سے ایرانی قوم اور ایرانی حکام کے عزم مصمم میں کوئی خلل واقع نہیں ہوگا۔

رہبر معظم انقلاب اسلامی نے سامراجی اور بڑی طاقتوں کے مقابلے میں اسلامی نظام کے واضح مؤقف اور اعلان کو بہت ہی اہم اور تاریخی قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام کی سامراجی طاقتوں کے خلاف استقامت اور پائیداری اس کے مؤثر اور مفید ہونے کا مظہر ہے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے ایران میں اسلامی نظام کے بر سر اقتدار آنے کے بعد ملک کی علمی پیشرفت اور ترقی کی طرف بھی اشارہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی نظام نے ایرانی قوم کو خود اعتمادی، استقلال، آزادی، استقامت اور پائیداری کا جذبہ عطا کیا اور آج ایرانی قوم اسلامی نظام کی بدولت سیاسی، اقتصادی اور فوجی میدانوں میں اپنے پاؤں پر کھڑی ہے، دشمن کی تمام سازشوں کو ہمت اور جرائت کے ساتھ ناکام بنا رہی ہے، لہذا ایران کے مؤمن، غیور اور بہادر جوانوں کو ملک کی اس علمی پیشرفت اور ترقی کو فراموش نہیں کرنا چاہیے۔ رہبر معظم انقلاب اسلامی نے کہا کہ ہمیں علمی میدان میں آگے کی سمت گامزن رہنا چاہیے اور اس مقام تک پہنچنا چاہیے، جو اسلام اور ایرانی قوم کے شایان شان ہے۔ واضح رہے کہ کل تہران میں ایرانی پارلیمنٹ اور حضرت امام خمینی (رہ) کے مزار پر دہشت گردوں کے بہیمانہ حملوں کے نتیجے میں 12 افراد شہید اور 42 زخمی ہوگئے تھے۔ دہشتگرد گروہ داعش نے حملوں کی ذمہ داری قبول کی۔

About VOM URDU

ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.

*

Read Next

ăn dặm kiểu NhậtResponsive WordPress Themenhà cấp 4 nông thônthời trang trẻ emgiày cao gótshop giày nữdownload wordpress pluginsmẫu biệt thự đẹpepichouseáo sơ mi nữhouse beautiful