کوئٹہ: سبزی منڈی میں خودکش دھماکے میں 20 افراد ہلاک، 40 زخمی

پاکستان کے صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کی سبزی منڈی میں ہونے والے خودکش دھماکے میں ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 20 تک پہنچ گئی ہے جبکہ 40 افراد اس واقعے میں زخمی ہوئے ہیں۔

بلوچستان کے وزیرِ داخلہ ضیا اللہ لانگو کے مطابق خودکش دھماکہ جمعے کی صبح ہزار گنجی کے علاقے میں واقع مارکیٹ میں ہوا اور مرنے والوں میں ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے آٹھ افراد کے علاوہ ایک سکیورٹی اہلکار اور ایک بچہ بھی شامل ہے۔

وزیر داخلہ نے جمعے کی دوپہر پریس کانفرنس میں بتایا کہ دھماکہ خودکش تھا جبکہ اس سے قبل ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس عبد الرزاق چیمہ نے میڈیا کو بتایا تھا کہ دھماکہ آلو کے گودام میں ہوا ہے۔

دھماکہ اس قدر زوردار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنائی دی۔ دھماکے کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا اور ہلاک اور زخمی ہونے والے افراد کو سول ہسپتال، بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال اور شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا۔

سول ہسپتال کوئٹہ کے ترجمان وسیم بیگ نے بتایا کہ سول ہسپتال میں 11 لاشیں لائی گئی ہیں جن میں ایک بچہ بھی شامل ہے۔

کوئٹہ دھماکہ
ماضی میں ہونے والے حملوں کے پیش نظر ہزارہ برادری کے افراد کو مری آباد اور ہزارہ ٹاؤن کے علاقوں سے سکیورٹی میں لایا جاتا ہے

اس واقعے کے کچھ دیر بعد جائے وقوعہ پر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے ڈی آئی جی کوئٹہ پولیس عبد الرزاق چیمہ نے بتایا کہ ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے پھل اور سبزی فروشوں کو سکیورٹی میں ہزار گنجی منڈی لایا گیا تھا۔

انھوں نے بتایا کہ جب ان لوگوں کو لایا جاتا ہے تو سکیورٹی اہلکار چار مرکزی دروازوں پر ڈیوٹی دینے کے علاوہ مارکیٹ میں بھی گشت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جب ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد آلوؤں کے گودام پر آئے تو زوردار دھماکہ ہوا۔ ان کا کہنا تھا کہ زخمیوں میں ہزارہ قبیلے کے علاوہ دیگر برادریوں کے لوگ بھی شامل ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس دھماکے میں ہزارہ قبیلے کے علاوہ دیگر لوگ بھی ہلاک ہوئے ہیں اس لیے اس بات کا تعین تحقیقات کے بعد کیا جاسکے گا کہ اس حملے کا ہدف کون لوگ تھے۔

انھوں نے کہا کہ دہشت گرد تو سب لوگوں کو نشانہ بناتے ہیں۔

کوئٹہ دھماکہ

اس علاقے میں پہلے بھی ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے سبزی اور پھل فروشوں کو نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔

ماضی میں ہونے والے حملوں کے پیش نظر انہیں مری آباد اور ہزارہ ٹاؤن کے علاقوں سے سکیورٹی میں لایا جاتا ہے اور سبزی اور پھلوں کی خریداری کے بعد واپس لے جایا جاتا ہے۔

ہزارہ قبیلے کے لوگوں کا تعلق شیعہ مسلک ہے۔ انہیں سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں بلوچستان میں حالات کی خرابی کے بعد سے نشانہ بنایا جارہا ہے۔

ان پر حملوں کی ذمہ داری کالعدم مذہبی شدت پسند تنظیمیں قبول کرتی رہی ہیں۔

ان حملوں کے پیش نظر ہزارہ قبیلے سے تعلق رکھنے والے افراد کے علاقوں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے جن کے پیش نظر حکام کا کہنا ہے کہ ماضی کے مقابلے ان پر حملوں میں کمی آئی ہے۔

About وائس آف مسلم

Voice of Muslim is committed to provide news of all sort in muslim world.

ایک تبصرہ

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.